نئی دہلی،7/دسمبر(آئی این ایس انڈیا)دہلی کی سرحدوں پراحتجاجی کسانوں کی تحریک کانئے زرعی قوانین واپس لینے کے مطالبے پر 12 ویں دن ہے۔ کسانوں کی حمایت میں پنجاب سے 30 ایتھلیٹ نے ایوارڈ واپس کرنے کے لئے راشٹرپتی بھون کی طرف مارچ کیا، لیکن پولیس نے انہیں راستے میں ہی روک دیا۔
ہندوستانی کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے کہا ہے کہ ہم پر امن احتجاج جاری رکھیں گے، ہم عام آدمی کو پریشان نہیں کرنا چاہتے۔ خیال رہے کہ منگل کے دن بھارت بند کا وقت صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک رکھا گیا ہے، کیوں کہ صبح 11 بجے تک زیادہ تر لوگ دفتر پہنچ جاتے ہیں اور چھٹی شام 3 بجے شروع ہوتی ہے۔وہیں ایس پی صدر اکھلیش یادو کسانوں کی حمایت کے لئے اپنے حامیوں کے ساتھ لکھنؤ سے قنوج گئے تھے، لیکن پولیس نے لکھنؤ ہی میں انہیں روک لیا۔ اس کے بعد اکھلیش یادو وہاں دھرنے پر بیٹھ گئے۔ پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ اکھلیش یادو کے حامی پولیس سے الجھتے نظر آئے،جس پر پولیس پر لاٹھی چارج سے ان کی الجھنیں ”رفع“ کی۔
اس سے قبل دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کسانوں سے ملنے سنگھو بارڈر پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کا مسئلہ اور ان کا مظاہرہ جائز ہے، ہم شروع سے ہی کسانوں کے مظاہرہ میں ساتھ رہے ہیں۔ کجریوال کے مطابق مرکزی حکومت اور دہلی پولیس نے ہم سے 9 اسٹیڈیم بنانے کی اجازت مانگی تھی، ہم پر بہت دباؤ ڈالا گیا، لیکن ہم نے اجازت نہیں دی۔ مرکزی حکومت کی خواہش تھی کہ کسان دہلی آئیں اور انہیں گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا جائے۔وزیر قانون روی شنکر پرساد نے اپوزیشن کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان تحریک کے حوالے سے آج اپوزیشن کا دوہرا کردار کھل کر آگیا، یہ خطرناک ہے۔